0

بابر اعظم کو ایک مرتبہ پھر کپتان بنانے کی باتیں، ذرائع

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے ایک بار پھر سابق کپتان بابر اعظم کا نام گردش کرنے لگا ہے۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو ایک بار پھر کپتان بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کے بابر اعظم سے رابطوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بابر اعظم گزشتہ رات عمرہ ادا کرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ہیں اور اب ایبٹ آباد روانگی سے قبل بابر اعظم کی بورڈ حکام سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔معاملے کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں کپتان بنانے کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم بابر اعظم نے ابھی تک کپتانی کی پیشکش قبول کرنے کا ذہن نہیں بنایا۔حال ہی میں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پریس کانفرنس میں کپتان کی تقرری پر تبصرے کے بعد نئے کپتان کی افواہوں میں اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ محسن نقوی نے کپتانی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کے سپرد کر رکھا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹا دیا تھا جس کے بعد شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں