0

حکومت سازی کیلئے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت کے درمیان آج پھر ملاقات ہوگی

اسلام آباد:سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد او سابق وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات آج ہوگی جس میں حکومت سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کرچکے ہیں۔آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات سے متعلق ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملاقات میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یقیناً آصف زرداری اپنی جماعت سے مشاورت کریں گے، ملک ایسے حالات میں ہے کہ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔دوسری جانب نوازشریف کی دعوت پر ایم کیو ایم پاکستان کا وفد بھی لاہور پہنچ گیا ہے، وفد میں گورنر سندھ، خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق ن لیگ، متحدہ کو وفاق میں مشترکہ حکومت سازی کیلئے تعاون کی درخواست کرے گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی انہیں وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرچکی ہے، فیصلے میں تبدیلی کیلئے دوبارہ سی ای سی سے رجوع کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے اب تک کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 92 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 76 اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، دیگر آزاد امیدوار 6، مسلم لیگ (ق) 3، جمعیت علمائے اسلام 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور مجلس وحدت المسلمین بھی ایک نشست حاصل کرچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں