137

کراچی: سعید آباد نیول کالونی سے اغوا ہونے والے ایک ہی خاندان کے پانچ بچے بازیاب

کراچی: (نیوزڈیسک) کراچی کے علاقے سعید آباد نیول کالونی سے اغوا ہونے والے ایک ہی خاندان کے پانچ بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا، پولیس نے رکشہ ڈرائیور کی نشان دہی پر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نیول کالونی سعید آباد سے فہیم نامی شخص نے ایک ہی خاندان کے پانچ بچوں کو اس وقت اغوا کرلیا جب وہ مدرسے سے پڑھ کر گھر واپس جا رہے تھے۔ اغوا کار نے بچوں کی منتقلی کے لئے دو رکشے استعمال کئے۔

اس دوران ایک رکشہ ڈرائیور کو شبہ ہوا تو بچوں سے پوچھ گچھ کی جس پر بچوں نے اپنے والد کا نمبر دیا، رابطہ ہونے پر انکشاف ہوا کہ ملزم بچوں کو اغوا کرکے لے جارہا تھا جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

پولیس نے بچوں کو اتحاد ٹائون سے بازیاب کرا کر اغواکار فہیم کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم کا کہنا ہے اس نے اپنی بیوی کو 3 ماہ قبل طلاق دی ہے۔ ملزم کے مطابق بچوں کو غلط نیت سے اغوا کیا تھا، بازیاب بچوں میں 10سالہ عارفہ، نورین 10 سالہ، بلال 3 سالہ، محمد حسن 6 سالہ اور احسن عمرساڑھے تین سال شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں