
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کثیر الجماعتی وفد لندن پہنچ گیا ہے۔ وفد نے حال ہی میں واشنگٹن اور نیویارک کا دورہ مکمل کیا جہاں انڈیا کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دیے گئے اس وفد کا مقصد عالمی سطح پر جموں و کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔
وفد میں سابق وزرائے خارجہ حنا ربانی کھر، خرم دستگیر، سینئر سینیٹرز شیری رحمٰن، مصدق ملک، فیصل سبزواری اور بشریٰ انجم بٹ شامل ہیں، جب کہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ بھی وفد کا حصہ ہیں۔
وفد لندن میں برطانوی پارلیمان، آل پارٹیز کشمیر گروپ اور فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کے حکام سے ملاقات کرے گا۔
اس دوران عالمی تھنک ٹینکس اور میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کی امن خواہش، انڈیا کی حالیہ جارحیت اور خطے میں پائیدار امن کی ضرورت کو اجاگر کیا جائے گا۔