
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے ملتوی شدہ آٹھ میچز کے لیے پہلے سے خریدے گئے ٹکٹ نئی تاریخوں پر قابلِ استعمال ہوں گے۔ یہ فیصلہ لیگ کے باقی ماندہ شیڈول کی بحالی کے بعد کیا گیا ہے، تاکہ شائقین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
پی سی بی کے مطابق، 8 مئی کو شیڈول پشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز کا ٹکٹ 17 مئی، 9 مئی کو پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز کا ٹکٹ 18 مئی اور 10 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز کا ٹکٹ 19 مئی کے میچ کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
18 مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ڈبل ہیڈر ہوگا، لہٰذا 9 مئی کا ٹکٹ دونوں میچز کے لیے قابلِ قبول ہوگا۔ ایلیمینیٹر 1، ایلیمینیٹر 2، اور فائنل کے لیے خریدے گئے ٹکٹ بھی نئی تاریخوں پر درست رہیں گے۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ صرف 5 اور 10 مئی کو ملتان میں شیڈول میچز اور راولپنڈی میں ہونے والے کوالیفائر کے لیے مکمل رقم کی واپسی دستیاب ہوگی۔ آن لائن یا کارپوریٹ بکنگ کی رقوم خودکار طور پر اسی اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیں گی جو بُکنگ کے وقت استعمال ہوا تھا، جبکہ فزیکل ٹکٹ رکھنے والے مقررہ ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز سے ریفنڈ حاصل کر سکیں گے۔ ریفنڈ کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔