
بنگلہ دیش کے عبوری وزیر اعظم محمد یونس نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات 2026 کے اپریل کے پہلے پندرہ روز میں منعقد ہوں گے۔
محمد یونس، جو نوبیل امن انعام یافتہ اور غیر جماعتی شخصیت ہیں، نے 6 جون کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل جاری اصلاحاتی عمل، عدالتی نظام اور ادارہ جاتی ڈھانچے کی بہتری ضروری ہے تاکہ ملک کو کسی نئے بحران سے بچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے شدید مظاہروں اور ریاستی کارروائیوں کے نتیجے میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت ختم ہو گئی تھی۔ شیخ حسینہ انڈیا چلی گئی تھیں اور اگست 2024 سے عبوری حکومت اقتدار میں ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان مظاہروں میں 1,400 افراد جان سے گئے تھے۔
شیخ حسینہ پر حال ہی میں قائم کیے گئے خصوصی ٹربیونل میں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمات کی کارروائی جاری ہے۔
محمد یونس نے کہا کہ انتخابات کے لیے تفصیلی روڈ میپ جلد الیکشن کمیشن جاری کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا خود انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔
اپوزیشن جماعتوں، بالخصوص بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے دسمبر 2025 تک انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ تاخیر کی صورت میں عوامی غم و غصہ بڑھے گا۔
بی این پی کی رہنما اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کو جنوری 2025 میں بدعنوانی کے ایک پرانے مقدمے میں بری کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے انتخاب میں حصہ لینے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، سابق حکمراں جماعت عوامی لیگ کی انتخابی کمیشن سے رجسٹریشن معطل ہے اور اس پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔