پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

وزیراعظم اور آرمی چیف کا سعودی عرب کا دورہ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

وزیراعظم اور آرمی چیف نے پاکستانی وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت بھی حاصل کی اور کعبہ میں نوافل ادا کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے مکہ مکرمہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، فلسطین اور پاک-انڈیا کشیدگی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کو عید کی مبارکباد دی اور حجاج کرام کے لیے انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاک-انڈیا حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے تعمیری کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ تحمل کی پالیسی اپنائی، اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات کا راستہ ناگزیر ہے۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی اور فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کی ذمہ داریوں پر زور دیا۔ انہوں نے عرب امن اقدام اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جو قبول کر لی گئی۔ دونوں ممالک نے اقتصادی، سیکیورٹی اور سیاسی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مکہ میں قیام کے دوران پاکستانی وفد نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔ وفد نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے اور ملکی ترقی، فلسطین و کشمیر کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button