
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ترکی، اردن، عراق اور دیگر خلیجی و مغربی ممالک میں آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت سے منائی جا رہی ہے۔ لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جہاں فلسطین سمیت امت مسلمہ کے لیے دعائیں کی گئیں۔
ادھر پاکستان میں بوہری برادری آج عید منا رہی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں عید کل ہو گی۔
عید کے ساتھ ساتھ حج 2025 اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ 16 لاکھ سے زائد حجاج نے مزدلفہ میں شب گزاری کے بعد منیٰ پہنچ کر جمرات میں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا عمل مکمل کیا۔ بعد ازاں قربانی اور حلق (سر منڈوانا) کے بعد احرام کھول دیا گیا۔
حج کے دوران میدان عرفات میں وقوف، دعاؤں اور خطبہ حج کی ادائیگی مکمل ہوئی۔ مسجد نمرہ سے خطبہ حج میں فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ حجاج 12 ذی الحج تک جمرات میں رمی کا عمل جاری رکھیں گے اور طوافِ زیارت و سعی مکمل کریں گے۔
سعودی حکام کے مطابق رواں سال 15 لاکھ سے زائد افراد حج میں شریک ہیں۔
سخت گرمی اور رش کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی، صحت اور صفائی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے۔ گزشتہ سال کے حادثے سے بچاؤ کے لیے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، اضافی اہلکار اور درجنوں سرکاری ادارے متحرک کیے گئے.