پاکستانتازہ ترین

انڈیا سے کسی معاہدے کی منسوخی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا: وزارت خارجہ

وزیر دفاع خواجہ آصف نے گزشتہ روز شملہ معاہدہ ختم ہونے کا اعلان کیا تھا جس کی وزارتِ خارجہ نے تردید کی ہے۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ انڈیا کے ساتھ کسی بھی دوطرفہ معاہدے کو منسوخ کرنے کا اب تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔ یہ بیان وزیردفاع خواجہ آصف کے حالیہ تبصرے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے شملہ معاہدے کو ختم شدہ قرار دیا تھا۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق، کسی معاہدے کی منسوخی یا تبدیلی سے متعلق کوئی دستاویزی پیش رفت نہیں ہوئی۔ دوسری جانب وزیر دفاع نے گزشتہ روز کہا تھا کہ شملہ معاہدہ غیر مؤثر ہوچکا ہے، اور لائن آف کنٹرول کو سیزفائر لائن کے طور پر سمجھا جائے۔ ان کے مطابق، انڈیا کے اقدامات کے نتیجے میں 1972 کا شملہ معاہدہ اپنی افادیت کھو چکا ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا نے رواں برس اپریل میں پہلگام حملے کے بعد بغیر ثبوت پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا تھا۔ جواباً پاکستان نے تمام دوطرفہ معاہدوں پر نظرثانی اور واہگہ بارڈر کی بندش سمیت تجارتی سرگرمیوں کی معطلی کا اعلان کیا تھا۔

شملہ معاہدہ وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور انڈیا کی وزیراعظم اندرا گاندھی کے درمیان ہوا تھا، جس کا مقصد 1971 کی جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کر کے تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے دوطرفہ بات چیت سے حل کرنا تھا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button