
پاکستان نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ اشتعال انگیز اور الزامات پر مبنی بیان کو شدید ردعمل کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی انڈین جارحیت کی صورت میں پاکستان بھرپور جواب دے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ انڈین وزیراعظم کی راجستھان میں عوامی اجتماع کے دوران کی گئی تقریر نہ صرف اشتعال انگیزی سے بھری ہوئی تھی بلکہ اس کا مقصد علاقائی کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ انڈین الزامات اور دھمکیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا انڈین قیادت ہوش کے ناخن لے اور اشتعال انگیزی بند کرے ، ہم امن چاہتے ہیں لیکن اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ترجمان دفترِ خارجہ نے کہ کہ عالمی برادری انڈیا کے ان الزامات کا نوٹس لے۔
دفتر خارجہ نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی خودارادیت کی جدوجہد سے توجہ ہٹانے کی انڈیا کی کوششوں کو عالمی برادری وسیع پیمانے پر تسلیم کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان امن، علاقائی استحکام اور تعمیری بات چیت کا حامی ہے، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے عوام اور افواج ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
واضح رہے کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز راجستھان میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے حوالے سے دھکی آمیز انداز اختیار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کو ہر دہشت گرد حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، پاکستان کو ان دریاؤں سے پانی نہیں ملے گا جن پر انڈیا کے حقوق ہیں۔