تازہ ترینلائف سٹائل
ٹرنڈنگ

سات ماہ میں 25 شادیاں، لٹیری دلہن آخر کار گرفتار

انورادھا پاسوان شادی کے ایک ہفتے کے اندر ہی گھر سے قیمتی سامان لے کر بھاگ جاتی تھی۔

انڈین ریاست راجستھان کی پولیس نے 7 ماہ میں 25 مردوں سے شادی کر کے انہیں لوٹنے والی دلہن کو گرفتار کر لیا ہے۔ 23 سالہ انورادھا پاسوان کو مدھیا پردیش کے شہر بھوپال سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انورادھا پاسوان مختلف ریاستوں کے مردوں سے شادی کرتی اور ہر شادی کے بعد وہ ایک ہفتے کے اندر ہی گھر سے قیمتی سامان لے کر بھاگ جاتی تھی۔

پولیس کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ انورادھا کا تعلق ریاست اتر پردیش سے ہے جہاں وہ ایک ہسپتال میں ملازمت کرتی تھیں۔
شوہر سے جھگڑے کے بعد وہ مدھیا پردیش کے بھوپال منتقل ہو گئی جہاں اس نے ایک مقامی گینگ کے ساتھ تعلق بنا لیا۔ اس گینگ کے ایجنٹس کی مدد سے اس نے متعدد مردوں سے شادی کی اور ان کے گھروں سے لوٹ مار کی ۔

خاتون کی گرفتاری راجستھان کے شہر سوائی مادھوپور میں ایک شکایت درج کروانے کے بعد ممکن ہوئی۔ شکایت گزار نے بتایا کہ انورادھا نے شادی کی اور ایک ہفتے میں قیمتی سامان لے کر چلی گئی۔ پولیس نے دو ہفتے کی محنت کے بعد بھوپال میں چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا۔

پولیس نے بتایا کہ ایک تفتیشی افسر نے دلہا بن کر گینگ سے رابطہ کیا اور دلہن دکھانے کا مطالبہ کیا۔ گینگ نے انورادھا کی تصاویر واٹس ایپ پر بھیجی تھیں جس کے بعد افسر نے شادی کی رضا مندی ظاہر کی اور خاتون کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے اس کیس میں خاتون کے علاوہ ان گینگ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کیا ہے جو مردوں سے شادیاں کروانے اور انہیں لوٹنے میں ملوث تھے۔ تمام گرفتار افراد کا تعلق بھوپال سے بتایا گیا ہے۔

انڈیا میں اس طرح کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں جہاں خواتین کو مردوں کو دھوکہ دے کر لوٹنے کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button