
پنجاب میں11 لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کی سکولوں میں شمولیت کا منفرد ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ یہ کامیابی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت حاصل کی گئی، جس کا مقصد تعلیم سے محروم بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرنا ہے۔
ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صوبے میں 11 ہزار سے زائد سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں بچوں کی انرولمنٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ آؤٹ سورسنگ ماڈل کا مقصد تعلیمی معیار میں بہتری اور آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں کمی لانا ہے۔
اس ماڈل کے تحت انرولمنٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ آؤٹ سورس کیے گئے سکولوں میں طلبہ کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار سے بڑھ کر 3 لاکھ 68 ہزار ہو گئی ہے، اور اساتذہ کی تعداد 8 ہزار37 سے بڑھ کر 15 ہزار114 ہو گئی ہے۔
مریم نواز شریف نے سکول مینجمنٹ کونسلز کو 90 دنوں کے اندر 10 ارب روپے کی لاگت سے ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام سکولوں میں ایک سال کے اندر درکار کلاس رومز کی تعمیر اور 580 بوسیدہ ترین اور 2 ہزار 770 خستہ حال سکول عمارتوں کی مرمت کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سرکاری سکولوں کے 5 لاکھ بچوں کو انگلش ٹرینرز کے ذریعے سپوکن انگلش کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا۔ انہوں نے غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے سکول میل پروگرام کو دیگر اضلاع اور تحصیلوں تک وسعت دینے کی ہدایت بھی دی۔