
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جمعہ کو ’اپنی زمین، اپنا گھر‘ ای پورٹل کا افتتاح کیا، جس کے تحت صوبے کے 19 اضلاع میں 2 ہزار مستحق افراد کو تین مرلے کے مفت رہائشی پلاٹس دیے جائیں گے، جبکہ 33 ہزار 500 افراد کو 36 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ بے گھر شہریوں کو ذاتی رہائش کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں اور رینالہ خورد میں پلاٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔
تقریب کے دوران مریم نواز نے بتایا کہ چھ ماہ میں 34 ہزار گھروں کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے، جن میں سے 2 ہزار مکمل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شفاف اور قابل رسائی بنایا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے مطابق قرضے آسان شرائط پر فراہم کیے جائیں گے تاکہ مستحق افراد تعمیراتی عمل مکمل کر سکیں۔ منصوبے کی نگرانی اور عمل درآمد کے لیے الگ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ پروگرام مرحلہ وار دیگر اضلاع تک بھی توسیع پائے گا، جس کا مقصد صوبے میں کم آمدنی والے طبقات کو پائیدار رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے۔