
مائیکروسافٹ نے نئے اکاؤنٹس کے لیے پاس ورڈ ختم کر دیا
اب تمام نئے صارفین بائیو میٹرک کے ذریعے محفوظ طریقے سے لاگ اِن کریں گے۔
مائیکروسافٹ نے ورلڈ پاس ورڈ ڈے کے موقع پر اعلان کیا کہ اب تمام نئے صارفین کے لیے اکاؤنٹس بغیر پاس ورڈ کے بنیں گے، اور انہیں روایتی پاس ورڈ کے بجائے پاس کی استعمال کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نیا طریقہ کار سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے اور صارفین کو پاس ورڈز کی پیچیدگی سے بچانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ پاس کی ایک جدید لاگ اِن سسٹم ہے جو بائیو میٹرک تصدیق جیسے فنگر پرنٹ یا فیس آئی ڈی یا مائیکروسافٹ آتھنٹی کیٹر ایپ کے ذریعے کام کرتا ہے۔
مائیکروسافٹ نے واضح کیا کہ یہ اقدام ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد پاس ورڈز کے خطرات سے نمٹنا اور صارفین کو زیادہ محفوظ، تیز اور آسان سائن اِن تجربہ فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق، موجودہ صارفین بھی اپنی اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر پاس کی شامل کر سکتے ہیں اور چاہیں تو اپنا پرانا پاس ورڈ ہٹا سکتے ہیں۔
یہ پیش رفت پاس ورڈ کے بغیر مستقبل کی طرف ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے، جس سے سائبر سیکیورٹی کے میدان میں نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔