
پاکستان نے ہفتے کو تربیتی مشق ’ایکس انڈس‘ کے تحت زمین سے زمین تک مار کرنے والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا، جس کی رینج 450 کلومیٹر ہے۔ یہ تجربہ افواج کی عملی تیاری اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم سمیت دیگر تکنیکی پہلوؤں کی جانچ کے لیے کیا گیا۔
تجربے کا مشاہدہ آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ، سٹریٹجک پلانز ڈویژن، اور پاکستان کے سٹریٹجک اداروں سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں اور انجینئروں نے کیا۔ حکام کے مطابق، میزائل سسٹم کی کارکردگی نے مطلوبہ تکنیکی اہداف کامیابی سے حاصل کیے۔
صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے تجربے میں شریک افواج، سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سٹریٹجک فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قابلِ اعتبار کم سے کم دفاعی صلاحیت قومی سلامتی کی ضامن ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابدالی میزائل سسٹم کی آزمائش دفاعی ڈھانچے کی مضبوطی اور تکنیکی خود انحصاری کی طرف پیش رفت کی علامت ہے، جسے قومی سلامتی پالیسی کے تحت مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے۔