0

“ٹائیگر 3” نے سلمان خان کی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ کر ریکارڈ بنا ڈالا

ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان اور کترینہ کیف کی جاسوس تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3″ نے ریلیز کے پہلے دن شاندار بزنس کرکے دبنگ اسٹار کی ماضی کی فلموں کو شکست دے دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی فلم “ٹائیگر 3″ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ہی 44.50 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے جس کے بعد یہ فلم سلمان خان کی ماضی کی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئی ہے جس نے پہلے دن اتنا بزنس کیا ہو۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی سلمان خان کی فلم “بھارت” نے اپنی ریلیز کے پہلے دن 42.30 کروڑ کا بزنس کیا تھا، یہ فلم سال 2019 میں ریلیز کی گئی تھی جبکہ سلمان خان کی فلم “پریم رتن دھن پایو” نے ریلیز کے پہلے دن باکس آفس پر 40.35 کروڑ کمائے تھے۔اب منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “ٹائیگر 3″ نے پہلے دن باکس آفس پر 44.50 کروڑ کا نیٹ اسکور کرکے سلمان خان کی ان فلموں کو شکست دے دی ہے۔واضح رہے کہ “ٹائیگر 3″ کو گزشتہ روز دیوالی کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا، فلم تین زبانوں ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز ہوئی۔فلم میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3″ میں ناصرف سلمان خان بلکہ شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن بھی نظر آئے، ان دونوں اسٹارز کو فلم میں مختصر کردار کے لیے شامل کیا گیا۔یاد رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں