0

فلسطین کی آزادی تک چپ نہیں بیٹھیں گے، اشنا شاہ

اسلام آباد:شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ کا کہنا ہے کہ فلسطین کی آزادی تک چپ نہیں بیٹھیں گے۔کراچی میں حال ہی میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے تین تلوار پر ریلی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی سمیت شوبز اداکارہ اشنا شاہ بھی شریک ہوئیں۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اشنا شاہ نے کہا کہ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوگا ہم چپ نہیں بیٹھیں گے، ہم یہود دشمن نہیں بلکہ ہم فلسطنیوں کی نسل کشی اور ان کی آواز کو دبانے کے خلاف ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ 1948 سے فلسطینیوں پر ظلم ہو رہا ہے، اسرائیل، اسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے، یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے، یہ غیر قانونی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا صرف دیکھ رہی ہے بلکہ دنیا کے سپر پاور ممالک اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں، ان کے ہاتھوں پر معصوم فلسطینیوں کا خون ہے، مغربی میڈیا فلسطینیوں کی آواز کو دبا رہا ہے، غلط رپورٹنگ کر رہا ہے اور جو سوشل میڈیا پر فلسطینیوں کے لیے پوسٹ کرتے ہیں بین کر دیا جاتا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی، مسلم اور یہاں تک کہ یہودی بھی فلسطین کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں، یہ اب یہودی یا مسلمانوں کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ نسل کشی ہے، جس کے خلاف ہر شخص کو سڑکوں پر نکلنا چاہیے اور صحیح تاریخ کا ساتھ دینا چاہیے اور الحمدلِلّٰہ ہم حق کے راستے پر ہیں۔خیال رہے کہ اسرائیل کے غزہ میں وحشیانہ حملے 16 ویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی بمباری سے دو ہفتوں کے دوران غزہ کے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 7 سو سے تجاوز کرگئی ہے، شہدا میں 40 فیصد معصوم بچے شامل ہیں، جب کہ زخمی 16 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں