0

سدھو موسے والا قتل کیس، قاتل کو ہتھیار فراہم کرنے والا گرفتار

ممبئی :بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی، اس کے قاتل کو ہتھیار فراہم کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مطلوب بین الاقوامی اسلحہ ڈیلر دھرمنجوت سنگھ کاہلون کو پولیس نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حراست میں لے لیا ہے۔واضح رہے کہ اسلحہ ڈیلر کا سدھو موسے والا قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار اور لارنس بشنوئی سے قریبی تعلق ہے۔خیال رہے کہ گولڈی برار کینیڈا میں مقیم ہے جبکہ بشنوئی بھٹنڈہ سینٹرل جیل میں قید ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق دھرمنجوت سنگھ کاہلون نے گولڈی برار کو وہ ہتھیار فراہم کئے جو مبینہ طور پر سدھو موسے والا کے قتل میں استعمال کیے گئے تھے۔یاد رہے کہ 28 سالہ بھارتی پنجابی گلوکار اور سیاسی کارکن سدھو موسے والا کو گزشتہ سال 29 مئی کو پنجاب کے مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، اس سے ایک روز قبل ریاستی حکومت نے ان کی سیکیورٹی میں کمی کی تھی۔سیکیورٹی ایجنسیوں کے ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت جلد ہی اسلحہ ڈیلر دھرمنجوت سنگھ کاہلون کی حوالگی کے سلسلے میں ایف بی آئی سے رابطہ کرے گی۔واضح رہے کہ اسلحہ ڈیلر دھرمنجوت سنگھ کاہلون کا تعلق پنجاب کے علاقے امرتسر سے ہے اور اس پر اے کے 47 رائفلز اور دیگر جدید ترین ہتھیاروں کی اسمگلنگ کا الزام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں