
ایران کا پلٹ کروار،عراق اورقطرمیں امریکی اڈوں پرمیزائل حملے
ایران نے جوابی حملےمیں چھ میزائل داغے، تاحال کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی
امریکہ کی جانب سے جوہری سائیٹس پرحملوں کے بعد ایران نے بھی جوابی حملہ کردیا،ایران نےعراق اورقطر میں امریکی اڈوں پربیلسٹک میزائل حملے کردیئے، قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
ایران نے آپریشن ’ بشارت فتح ’ کے تحت امریکی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا، ایران نے کم از کم 6 میزائل داغے ہیں، غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مختلف مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، قطری وزارت خارجہ کے مطابق قطر پر ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کسی بھی حملے کو ڈیل کرنے کیلئے تیار ہیں، قطر نے پیشگی سکیورٹی اقدامات کے طورپرالعدید فوجی اڈے کو خالی کرادیا تھا۔
قطر نے دوحہ میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اورکہا ہے کہ وہ اس حملے کا براہِ راست جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے کہا کہ حملوں کا مقصد برادر اسلامی ملک قطر کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہرنیوز ایجنسی کے مطابق ایران نے قطر کےعلاوہ عراق میں بھی امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، ایرانی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ انہوں نے قطر میں العدید فوجی اڈے کو ایک تباہ کن اورطاقتورمیزائل حملے میں نشانہ بنایا۔
یہ بیس امریکی سینٹکام کا صدردفتر ہے اوربرطانوی فوجی اہلکار بھی یہاں باری باری خدمات انجام دیتے ہیں، تاہم حالیہ ہفتوں میں متعدد طیارے اس بیس سے منتقل کیے جا چکے ہیں۔
پریس ٹی وی کے مطابق بحرین میں بھی سائرن بج گئےاورقطرمیں العدید بیس پر حملے کے بعد عراق میں امریکی اڈوں پر موجود فوجی اہلکار پناہ گاہوں میں چلے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ آپریشن میں استعمال کیے گئے میزائلوں کی تعداد وہی ہے جو امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر اپنے حملے میں بموں کی صورت میں استعمال کی تھی اور ایرانی افواج کی جانب سے جس فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، وہ قطر میں شہری تنصیبات اور رہائشی علاقوں سے کافی دورواقع تھا۔
یاد رہے کہ امریکا کے ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد ایران نے اسرائیل پردرجنوں بیلسٹک میزائل داغے جن میں خیبر بھی شامل ہے ، ایران کے اسرائیل پرتازہ حملے میں ایک پاور پلانٹ تباہ ہوگیا اورمتعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ دوسری جانب اسرائیل نے مختلف حملوں میں ایران کے 6 ہوائی اڈے اور متعدد طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکا نے اپنے جدید ترین B-2 بمبار طیاروں کے ساتھ ایران کی تین جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان کو نشانہ بنایا ہے اورامریکی صدر نےاعلان کیا ہے کہ انہوں نے حملے میں فردو کے ایٹمی پلانٹ کو مکمل تباہ کردیا ہے۔
امریکی صدر نے اس کارروائی کو دنیا کی سب سے پیشہ ورانہ اور کامیاب فضائی کارروائی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی دوسرے فوجی ادارے کے پاس اس نوعیت کا آپریشن کرنے کی صلاحیت نہیں، ایران باز نہ آیا تو دوبارہ حملے کریں۔