
نیشنز ہاکی کپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو بدترین شکست
پاکستان کے 2 گول کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے 6 گول کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا
ملائیشیا کے شہرکوالالمپورمیں ایف آئی ایچ نیشنزہاکی کپ کا فائنل میچ ہوا، جس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو2-6 سے شکست دے کرٹائٹل جیت لیا، ایونٹ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے اپنا اعزاز برقرار رکھا۔
پہلے کوارٹر کے اختتام پرنیوزی لینڈ نےپاکستان کے خلاف صفرکے مقابلے میں 2 گول سے برتری حاصل کی،نیوزی لینڈ کی جانب سے کوسلیٹ اسکاٹ نے پہلا جبکہ ہیہا سیم نے دوسرا گول اسکور کیا ہے۔
پہلے کوارٹر میں پاکستان ٹیم کے تینوں ریویو کامیاب رہے، پہلے دو گول قرار دینے پرریویو لیا جو گول مسترد کردیےگئے جبکہ پاکستان کے خلاف امپائر نے پینالٹی اسٹروک دیا، جس کے خلاف ریویو لیاگیا، وہ بھی کامیاب ہوا، ریفری کو اسٹروک کا فیصلہ واپس لینا پڑا۔
نیوزی لینڈ نے دوسرے کوارٹرکا آغاز0-2 کی برتری کے ساتھ کیا، لیکن ٹھامس ڈائلان، فنڈلے شان اور بوائیڈ اسکاٹ نے ٹیم کی جانب سے گول کرکے کوارٹرکے اختتام تک برتری کو 0-5 تک بڑھا دیا، تیسرے کوارٹرکے آغازمیں پاکستان نے اپنا پہلا گول کیا۔
چوتھے کوارٹر میں نیوزی لینڈ کے کوسلیٹ نے میچ کا دوسرا انفرادی جبکہ ٹیم کا چھٹا گول اسکورکیا جس کے بعد سفیان خان نے پینالٹی کارنر پر پاکستان کے لیے میچ کا دوسرا گول اسکورکیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے بعد فرانس کو ہرا یا تھا جبکہ نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو شکست دی تھی۔