اوورسیز

برطانیہ میں سورج سوا نیزے پرآگیا، شدید گرمی کی لہر، ہیٹ ویوکے باعث الرٹ جاری

آئندہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، ماہرین

برطانیہ بھر میں موسم گرما نے شدت اختیارکرلی ہے جس کے باعث یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے ایمبرہیٹ الرٹ جاری کردیا ہے، جو بدھ 19 جون دوپہر سے نافذ ہو چکا ہے اور پیر 23 جون صبح 9 بجے تک برقرار رہے گا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جو ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت کو مزید بڑھا دے گا۔

شدید گرمی سے متاثرہ علاقے کون سے ہیں؟

رپورٹس کے مطابق ملک کی 26 سے زائد کاؤنٹیز اس شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتی ہیں، جن میں لندن، سَرے، کینٹ، ہارٹفورڈشائر، ایسکس، گریٹرلندن، آکسفورڈشائر، گلوسٹرشائر، وارکشائر، یارکشائر، ناٹنگھم شائر، ویسٹ مڈلینڈز، شروپ شائراور چیشائرسمیت دیگر شامل ہیں۔

ہیٹ ویو سے کن افراد کو زیادہ خطرہ ہے؟

صحت عامہ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ ہیٹ ویو صرف بزرگوں یا بیمار افراد کے لیے ہی نہیں بلکہ ہرعمر کے افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر بچوں، حاملہ خواتین، اور ایسے افراد جو دھوپ میں زیادہ وقت گزارتے ہیں، انہیں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔

اگلے دنوں کا موسم کیسا رہے گا؟

حکام کے مطابق آج اور کل کا دن زیادہ تر خشک اور گرم رہے گا، ہفتے کے روز گرمی اپنی انتہا کو پہنچ سکتی ہے، تاہم شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے، اتوار کو گرمی میں کچھ کمی آنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران کہیں کہیں بارش بھی ہو سکتی ہے ، پیر کو موسم معتدل ہونے کی توقع ہے۔

عوام کے لیے احتیاطی ہدایات

اس سلسلے میں باقاعدہ ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے جس میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک باہر نکلنے سے گریزکریں، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، گھروں میں ہوا دار جگہوں پر وقت گزاریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button