پاکستانتازہ ترینروزگار
ٹرنڈنگ

کریم نے 18 جولائی سے پاکستان میں سروس بند کرنے کا اعلان کر دیا

کمپنی کے کسٹمر کیئر سینٹرز ستمبر 2025 تک فعال رہیں گے تاکہ صارفین اپنے بقایا جات اور دیگر مسائل حل کر سکیں۔

آن لائن رائیڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کریم نے اعلان کیا ہے کہ وہ 18 جولائی 2025 سے پاکستان میں اپنی سفری خدمات بند کر دے گی۔ کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ معاشی حالات، مسابقت میں اضافہ اور سرمایہ کاری کی محدود دستیابی کو قرار دیا ہے۔

کریم کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر مدثر شیخا نے بدھ کے روز لنکڈ اِن پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ فیصلہ انتہائی مشکل تھا، تاہم موجودہ ملکی اور عالمی مالیاتی صورت حال میں پاکستان میں خدمات جاری رکھنا ممکن نہ رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں محفوظ اور مؤثر سروس فراہم کرنے کے لیے درکار سرمایہ کاری اب ممکن نہیں رہی۔ ان کے مطابق، یہ ایک یادگار باب کا اختتام ہے، لیکن کریم پاکستان میں ایک مختلف کردار کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے گی۔

کریم نے صارفین کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا ہے کہ 18 جولائی کے بعد سروس دستیاب نہیں ہوگی، جبکہ والٹ میں موجود رقم کے استعمال یا واپسی کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ کمپنی کے کسٹمر کیئر سینٹرز ستمبر 2025 تک فعال رہیں گے تاکہ صارفین اپنے بقایا جات اور دیگر مسائل حل کر سکیں۔

کریم نے پاکستان میں 2015 میں اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا اور ایک دہائی کے دوران ملک میں ڈیجیٹل ٹیکسی سروس کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

کریم سے قبل، 2022 میں اس کی ذیلی کمپنی اوبر نے بھی پاکستان سے اپنی سروسز واپس لے لی تھیں۔ اب اس خلا کو پر کرنے کے لیے ان ڈرائیو، یانگو اور بائیکیا جیسی دیگر رائیڈ سروسز کی مانگ میں اضافہ متوقع ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button