
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سڈنی سکسرز کے ساتھ شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ تقریباً 10 کروڑ پاکستانی روپے پر مشتمل ہے، جو بی بی ایل کی پلاٹینم کیٹیگری کے بنیادی معاوضے (7.75 کروڑ روپے) سے بھی زیادہ ہے۔
یہ بابر اعظم کی بی بی ایل میں پہلی شرکت ہوگی۔ سڈنی سکسرز نے ڈرافٹ سے قبل ایک غیر ملکی کھلاڑی کو سائن کرنے کے خصوصی حق کا استعمال کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کیا ہے۔
30 سالہ بابر اعظم 10 ہزار سے زائد بین الاقوامی رنز بنا چکے ہیں اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور 2022 کے فائنل تک پہنچی تھی۔
بابر کو آئی سی سی کی جانب سے 2021 اور 2022 میں ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر، اور 2022 میں مین کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ وہ 5 ہزار ون ڈے رنز سب سے کم اننگز میں مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔
بابر اعظم نے پی ایس ایل، سی پی ایل اور انگلینڈ کی لیگز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور 11 ہزار سے زائد ٹی ٹوئنٹی رنز بنا چکے ہیں۔
بی بی ایل سیزن 14 دسمبر 2025 سے شروع ہوگا جس میں بابر اعظم مکمل سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے۔
سڈنی سکسرز کے سکواڈ میں اس وقت بابر اعظم، سٹیو سمتھ، سین ایبٹ، سمیت متعدد تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔