
واٹس ایپ پر چیٹ میڈیا ہب فیچر متعارف کروائے جانے کا امکان
ویب ورژن کے اس فیچر کے تحت صارفین تمام چیٹس میں شیئر کیے گئے میڈیا کو ایک جگہ مینج کر سکیں گے۔
واٹس ایپ اپنے ویب ورژن کے لیے ایک نیا فیچر چیٹ میڈیا ہب متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جو صارفین کو مختلف چیٹس میں شیئر کی گئی میڈیا فائلز تک فوری رسائی فراہم کرے گا۔
یہ ہب ویب ورژن کی سائیڈبار میں دستیاب ہوگا جہاں سے صارفین تمام تصاویر، ویڈیوز، ڈاکیومنٹس اور لنکس ایک ہی جگہ پر دیکھ سکیں گے۔ ہر فائل کے ساتھ اسے شیئر کرنے والے کا نام اور تاریخ بھی درج ہوگی، جب کہ صارفین فائلز کو تاریخ، سائز یا دوسرے معیارات کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔
اس فیچر میں کیپشن بیسڈ سرچ اور ملٹی سلیکشن کی سہولت بھی موجود ہوگی، جس سے کئی فائلز کو ایک ساتھ ڈیلیٹ، ڈاؤن لوڈ یا فارورڈ کیا جا سکے گا۔
چیٹ میڈیا ہب اُن صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ہوگا جو پرانی فائلز کو جلدی تلاش کرنا چاہتے ہیں بغیر ہر چیٹ کو علیحدہ کھولے۔ اس کے علاوہ، یہ فیچر سٹوریج مینجمنٹ کو بھی آسان بنائے گا۔
یہ فیچر اس وقت ابتدائی مراحل میں ہے اور بیٹا ورژن میں بھی دستیاب نہیں۔ تاہم، آئندہ اپڈیٹ میں اس کے متعارف ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔