
پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے اختتام پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کا کپتان لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو مقرر کیا گیا ہے۔ شاہین نے نہ صرف قلندرز کو چار سال میں تیسرا ٹائٹل جتوایا بلکہ 13 میچز میں 19 وکٹیں حاصل کرکے فضل محمود کیپ بھی اپنے نام کی۔
اس ٹیم کا انتخاب پی ایس ایل کے معتبر کمنٹری پینل نے کیا، جس میں مختلف فرنچائزز کے بہترین کھلاڑی شامل کیے گئے۔
پی ایس ایل 10 کا انعقاد کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں 11 اپریل سے 25 مئی تک کیا گیا، جبکہ فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ تین تین کھلاڑی لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے منتخب ہوئے، جن میں قلندرز کے سکندر رضا (11 میچز، 254 رنز، 10 وکٹیں) اور فخر زمان (13 میچز، 439 رنز) بھی شامل ہیں۔
کوئٹہ کے حسن نواز (12 میچز، 399 رنز، بیٹر آف دی ٹورنامنٹ)، فہیم اشرف (17 وکٹیں، 163 رنز)، اور اسپنر ابرار احمد (12 میچز، 17 وکٹیں) کو بھی شامل کیا گیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر (11 میچز، 368 رنز)، جیمز ونس (378 رنز)، اور فاسٹ بولر حسن علی (10 میچز، 17 وکٹیں) شامل ہیں جبکہ خوشدل شاہ کو 12واں کھلاڑی منتخب کیا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان، جنہوں نے 12 میچز میں 449 رنز بنا کر حنیف محمد کیپ حاصل کی، ٹیم میں بطور وکٹ کیپر شامل ہیں۔ پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا، جنہوں نے 9 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کیں، بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔