
خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کے دو نئے کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ قومی ادارہ صحت نے خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں دو بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق، لکی مروت کی یونین کونسل بخمل احمد زئی کی 26 ماہ کی بچی جبکہ بنوں کی یونین کونسل سین تانگہ سے تعلق رکھنے والے 28 ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس پایا گیا۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے دونوں کیسز کی تصدیق کی۔
2025 کے دوران اب تک خیبرپختونخوا سے 5 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 4 اور پنجاب میں ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔
حکومت نے سال کی تیسری ملک گیر انسداد پولیو مہم 26 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم میں ملک بھر کے 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بار خاص طور پر جنوبی خیبرپختونخوا کے زیادہ خطرے والے علاقوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔