0

حکومت کا ملک بھر میں بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

حکومت نے ملک بھر میں بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک دیا گیا۔ گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور کریک ڈاؤن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات دیں۔اس موقع پر ایف آئی اے حکام نے یونان کشتی حادثے کی تفصیلی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کی اور یہ بھی بتایا کہ ہنڈی اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یونان کشتی سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جبکہ ہنڈی میں ملوث افراد کی بھی پکڑ دھکڑ کی جائے۔ اجلاس میں ایف آئی اے حکام کی زیر التواء ترقیوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور وزیر داخلہ نے تمام زیر التواء ترقیوں کے کیسز ایک ماہ میں نمٹانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں