
سکائپ آج سے بند، مائیکروسافٹ کا صارفین کو ٹیمز پر منتقلی کی ہدایت
سکائپ 2003 سے مقبول رہا، مگر زوم اور گوگل میٹ کی بڑھتی مقبولیت سے اس کی اہمیت کم ہوتی گئی۔
مائیکروسافٹ نے 5 مئی 2025 سے اپنی ویڈیو کالنگ سروس سکائپ کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے، اور صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی گفتگو اور روابط مائیکروسافٹ ٹیمز میں منتقل کر لیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کمیونیکیشن سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ٹیمز پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
سکائپ 2003 میں متعارف ہوا تھا اور ایک دہائی سے زائد عرصے تک ویڈیو کالنگ کی دنیا میں نمایاں مقام پر فائز رہا۔ تاہم، حالیہ برسوں میں زوم اور گوگل میٹ جیسے پلیٹ فارمز کی مقبولیت بڑھنے کے بعد سکائپ کی صارفین میں دلچسپی کم ہوتی گئی۔
مائیکروسافٹ کے مطابق، صارفین اپنے سکائپ اکاؤنٹس کے ذریعے ٹیمز میں لاگ اِن کر کے باآسانی اپنے چیٹس اور کانٹیکٹس منتقل کر سکتے ہیں۔ کمپنی نے سکائپ کے لیے نئے سبسکرپشنز اور کریڈٹس کی فروخت بند کر دی ہے، تاہم موجودہ سبسکرائبرز اپنے موجودہ پلانز اگلے بلنگ سائیکل تک استعمال کر سکیں گے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس کی سٹریٹیجک پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد کمیونیکیشن پلیٹ فارمز کو یکجا اور مؤثر بنانا ہے۔ کمپنی کے مطابق ٹیمز ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو ذاتی اور پیشہ ورانہ دونوں ضروریات کے لیے موزوں اور جامع سہولت فراہم کرتا ہے۔