
شرمین عبید چنائے کی فلم ایمی ایوارڈ 2025 کیلئے نامزد
دو بار آسکر جیتنے والی فلم ساز کو اسی فلم پر پہلے ڈَو ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم ڈایان وان فرسٹن برگ: وومن اِن چارج کو ایمی ایوارڈ 2025 کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ فلم جون 2024 میں اسٹریمنگ پلیٹ فارم ہولو پر ریلیز ہوئی تھی اور اسے بہترین کاروباری اور معاشی فلم کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ فلم معروف فیشن ڈیزائنر ڈیان وان فرسٹن برگ کی زندگی پر مبنی ہے، جنہوں نے خواتین کے لیے ریپ ڈریس متعارف کرایا اور ایک مردوں کے زیرِ اثر انڈسٹری میں کامیاب فیشن برانڈ بنایا۔
شرمین عبید چنائے، جو دو بار آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں، نے اس نامزدگی کی خبر انسٹاگرام پر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا، ”یہ فلم دل سے بنائی گئی۔ ہماری پوری ٹیم، کریو سے لے کر پروڈیوسرز تک، سب نے دل لگا کر ایک ایسی خاتون کی کہانی سنائی جو ہمیشہ ہمت، وژن اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھیں۔“
اسی فلم پر چند ماہ قبل شرمین عبید چنائے کو سینما فار پیس ایوارڈز میں خواتین کے حقوق کیلئے ڈَو ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس اعزاز کے ذریعے فلم میں دکھائی گئی حوصلہ افزائی، کاروباری کامیابی اور خودمختاری کو سراہا گیا۔
یہ فلم شرمین نے امریکی ہدایت کارہ ٹرش ڈالٹن کے ساتھ مل کر بنائی۔ فلم میں ڈیان وان فرسٹن برگ کی ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی کو پرانی ویڈیوز اور قریبی انٹرویوز کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
ڈیان کے ڈیزائن دنیا بھر کی معروف شخصیات، جیسے مشیل اوباما، کیٹ مڈلٹن، گوینتھ پیلٹرو، میڈونا اور وِٹنی ہیوسٹن، نے زیب تن کیے ہیں۔ ایمی ایوارڈز کے نتائج آئندہ مہینوں میں متوقع ہیں، جہاں یہ فلم دیگر بین الاقوامی دستاویزی فلموں کے ساتھ مقابلے میں شامل ہو گی۔