
محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے لاہور میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور میں آج سورج اپنی کرنیں بکھیرنے میں مصروف ہے جس کے باعث سردی میں کمی آئی ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ لاہور کی ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ہے اور پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سورج اور بادلوں میں تصادم جاری رہے گا، شہر میں آئندہ ہفتے بارش کا 40 فیصد امکان ہے۔ آلودہ شہروں میں لاہور پہلے نمبر پر ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 228 ریکارڈ کی گئی، ماہرین نے شہریوں کو آلودہ ہوا سے محفوظ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں ہواؤں کا رخ ایک بار پھر تبدیل ہوگیا۔شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں مغربی سمت سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی دھند کے ساتھ ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے، شہر میں دن بھر گرمی برقرار رہے گی، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔اے کیو آئی کے مطابق شہر کی ہوا کا معیار اب بھی خطرناک ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 25ویں اور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں 7ویں نمبر پر ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 116 پارٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔