
پیوٹن کے بعد امریکی صدر کا یوکرینی ہم منصب سے بھی ٹیلیفونک رابطہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بات چیت کے بعد یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔یوکرین نے وولوڈیمیر زیلنسکی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے جلد امن کی امید ظاہر کی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یوکرائنی صدر بھی پیوٹن کی طرح امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مضحکہ خیز جنگ کو روکا جائے، جس نے غیر ضروری طور پر اتنی تباہی مچائی ہے۔بعد ازاں یوکرائنی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے امریکی صدر سے امن کے حصول کے حوالے سے بات چیت کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے امریکی صدر سے بطور ٹیم مل کر کام کرنے، یوکرین کی تکنیکی صلاحیتوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین سے زیادہ کوئی امن نہیں چاہتا، ہم روس کی جارحیت روکنے اور دیرپا امن کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں۔