وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شریک نہیں ہوئے، مخالفین زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ہیوسٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں نوجوانوں کی شرکت کو غلط پروپیگنڈہ کیا گیا، ایسے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ کسی چین مخالف تقریب میں نہیں گئے۔محسن نقوی نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے، سیاست کریں لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کو نقصان پہنچے۔ کانگریس ارکان کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت تھیں۔وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کی مشترکہ جنگ نہیں، امریکی سیاستدانوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل بنانا ضروری ہے۔ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
