
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ مجھے بتائیں کہ گولیاں کس نے چلائیں اور ہمارے کارکنوں کی لاشیں کہاں ہیں؟ سرگودھا میں اے ٹی سی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کی رات پی ٹی آئی کے کارکنوں پر براہ راست گولیاں چلائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے نائب وزیراعظم نے فائرنگ کی تصدیق کی ہے، ہمارے 200 لوگ لاپتہ ہیں جن میں سے 12 کی شناخت ہوگئی ہے۔عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ جب ہم بات کرتے ہیں تو یہ لوگ پی ٹی آئی کے بانی کو فوجی عدالت کے حوالے کرنے کی دھمکی دیتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 96 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے باوجود ہم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، حکومت کو بھی عدالتوں کا احترام کرنا چاہیے۔