اوورسیزتازہ ترین
ٹرنڈنگ

بنگلہ دیشی نوٹوں سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹا دی گئی

گزشتہ روز جماعت اسلامی کی رجسٹریشن بحالی بھی بحال کی گئی تھی جو اب انتخابات میں حصہ لے سکے گی۔

بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا کر دیا ہے جن سے ملک کے بانی اور سابق وزیراعظم شیخ مجیب الرحمان کی تصویر ہٹا دی گئی ہے۔ ان نوٹوں میں اب انسانی چہروں کی بجائے تاریخی ورثے، قدرتی مناظر اور ثقافتی فن پارے شامل کیے گئے ہیں۔

مرکزی بینک کے ترجمان کے مطابق، تمام نئے نوٹ غیر جانبدار طرز پر ڈیزائن کیے گئے ہیں تاکہ کرنسی کو کسی شخصی وابستگی سے آزاد کر کے قومی ثقافت کی نمائندگی کی جا سکے۔ نوٹوں میں شامل فن پاروں میں 1943 کے بنگال قحط پر مبنی مصور زین العابدین کا معروف شاہکار، قومی شہدا کی یادگار، بدھ مت اور ہندو مندروں کے خاکے اور تاریخی عمارات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش سیاسی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے۔ گزشتہ سال اگست میں وزیراعظم شیخ حسینہ کو طلبہ کی قیادت میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔ ان پر مظاہرین کے قتل عام میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے باعث انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ بھی جاری ہے، جس میں ان پر سازش، اشتعال انگیزی اور اجتماعی قتل روکنے میں ناکامی جیسے الزامات عائد ہیں۔

اس سے قبل، مئی میں ہی ملک کی سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے رہنما اظہر الاسلام کے خلاف سزا کو کالعدم قرار دیا تھا اور گزشتہ روز جماعتِ اسلمی کی رجسٹریشن کی بحالی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اسے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی ہے۔

جماعت اسلامی کے وکیل کے مطابق یہ فیصلہ ملک میں جمہوری اور کثیرالجماعتی سیاست کے فروغ کی طرف اہم قدم ہے۔

اظہر الاسلام اور جماعت کے دیگر متعدد رہنماؤں کو 1971 کی جنگ میں پاکستان کی حمایت پر حکومت کے زیرِ عتاب رہنا پڑا تھا جب کہ جماعت اسلامی پر بھی حسینہ حکومت نے پابندی عائد کر رکھی تھی۔

اس کے علاوہ مئی میں ہی عبوری حکومت نے عوامی لیگ پر بھی پابندی لگا دی تھی، جس کے بعد سیاسی منظرنامے میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button