پاکستانتازہ ترینصحت
ٹرنڈنگ

گلگت بلتستان میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس، ملک بھر میں تعداد 11 ہو گئی

گزشتہ برس ملک میں 70 سے زائد پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ وائرس تقریباً 90 اضلاع میں پایا گیا تھا۔

گلگت بلتستان میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد 2025 میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پولیو وائرس کی حالیہ تصدیق ضلع دیامر کے علاقے تانگیر میں 23 ماہ کے بچے میں ہوئی ہے۔

قومی ادارہ صحت اسلام آباد کے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے اس کیس کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق یہ گلگت بلتستان میں اب تک کا پہلا تصدیق شدہ پولیو کیس ہے، جبکہ متاثرہ بچے نے علاقے سے باہر سفر نہیں کیا۔ وائرس کا جینیاتی تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے تعلق رکھتا ہے۔

گلگت بلتستان کے سیکریٹری صحت آصف اللہ خان نے بتایا کہ بچے کو پولیو کے قطرے تو دیے گئے تھے، تاہم وہ پیدائش کے فوراً بعد دی جانے والی حفاظتی ویکسین سے محروم رہا۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی عوامی سطح پر اطلاع نہیں دی گئی، مگر سرکاری سطح پر اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اس سے قبل گلگت بلتستان کو پولیو سے پاک علاقہ قرار دیا گیا تھا۔

پولیو کے خاتمے کے لیے 2025 کی تیسری قومی مہم 26 مئی کو شروع ہوئی تھی، جو گزشتہ روز مکمل ہوئی۔ اس دوران ملک بھر کے 159 اضلاع میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جن میں حساس اور خطرناک اضلاع بھی شامل تھے۔

پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے، دوسرا ملک افغانستان ہے۔
سیکیورٹی خدشات، ویکسین سے متعلق غلط معلومات اور والدین کی ہچکچاہٹ ان کوششوں میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
گزشتہ برس ملک میں 70 سے زائد پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ وائرس تقریباً 90 اضلاع میں پایا گیا تھا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button