پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

مودی کی تقریر نفرت انگیز ہے، عالمی برادری نوٹس لے: پاکستان

دفتر خارجہ کے مطابق ایسی تقریروں کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری انڈین مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

پاکستان نے انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کی گجرات میں حالیہ تقریر کو نفرت انگیز، پرتشدد اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی کی تقریر کسی ایٹمی طاقت کے سربراہ کے شایانِ شان نہیں تھی بلکہ ایک اشتعال انگیز انتخابی تھیٹر کی عکاس تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی کی یہ گفتگو نہ صرف پاکستان کے خلاف نفرت پر مبنی ہے بلکہ پورے خطے میں عدم استحکام کو ہوا دینے کا موجب بن سکتی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی بیان بازی اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی روح کے منافی ہے، جو تمام رکن ممالک کو پابند کرتا ہے کہ وہ تنازعات کو پرامن ذرائع سے حل کریں اور کسی دوسرے ملک کی خودمختاری یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے بیانات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا عالمی سطح پر امن قائم رکھنے کے لیے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں کلیدی کردار اور دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں میں مستقل تعاون ایسے اشتعال انگیز بیانات سے کہیں زیادہ بامعنی ہے۔
اگر واقعی انڈین حکومت انتہا پسندی کے بارے میں سنجیدہ ہے، تو اسے چاہیے کہ وہ اپنے اندر جھانکے، جہاں مذہبی عدم برداشت، اقلیتوں پر مظالم، اور ہندوتوا کے زیرِ اثر انتہا پسندی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان باہمی احترام اور خودمختاری کی بنیاد پر امن کا خواہاں ہے، تاہم، قومی سلامتی یا علاقائی خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کی صورت میں مؤثر اور مناسب جواب دیا جائے گا، جیسا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں ذکر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انڈین وزیراعظم شکست کے بعد مسلسل اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔ گزشتہ روز بھی گجرات میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران مودی نے پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی عوام روٹی کھائیں ورنہ کھانے کے لیے میری گولی تو ہے ہی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button