107

سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، اربوں کا فائدہ، امریکی ڈالر مزید مہنگا

لاہور: ملک بھر میں امریکی ڈالرکے مقابلے میں روپے کی تنزلی کا سلسلہ برقرار ہے، امریکی کرنسی تاریخی بلند ترین سطح پر گامزن ہے جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 1111.90 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا فائدہ ہوا۔

چند روز کے دوران بڑھتی ہوئی امریکی ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ متحرک ہو گئی ہے، ایف آئی اے نے ملک بھر میں امریکی ڈالر کی سمگلنگ کرنے والے بڑے لوگوں پر ہاتھ بھی ڈالا ہے تاہم اس کے باوجود امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل بڑھوتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 7 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 171 روپے 13 پیسے سے بڑھ کر 171 روپے 20 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس 1111.90 پوائنٹس بڑھ گیا۔ زبردست تیزی کے باعث حصص مارکیٹ کی 11 حدیں بحال ہوئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 43300، 43400، 43500، 43600، 43700، 43800، 43900، 44000، 44100، 44200، 44300 کی حدیں بحال ہوئیں۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.57 فیصد کی بہتری دیکھی گئی، زبردست تیزی کے باعث 1ارب 50 کروڑ 13 لاکھ 1 ہزار 659 شیئرز کا لین دین ہوا، زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

معاشی ماہرین کے مطابق سیاسی حالات میں بہتری کے سبب انویسٹرز نے اسٹاک مارکیٹ میں حصص کی بڑھ چڑھ کر خریداری جس کے باعث انڈیکس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں