
ابوظبی: وزیر داخلہ پاکستان محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید النہیان سے ابوظبی میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان انسداد منشیات، سیکیورٹی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خاص طور پر سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے کردار پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو امارات کے جدید سیکیورٹی سسٹمز، پولیس مانیٹرنگ نظام اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام شریک تھے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی وفد بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھا۔
یہ ملاقات پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور خطے میں امن و امان کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔