کھیل

نیشنزہاکی کپ کا سنسنی خیزمعرکہ، سیمی فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں فرانس کو شکست

قومی ٹیم نے فرانس کوپینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست سے کرفائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا

پاکستان ہاکی ٹیم نے نیشنز ہاکی کپ میں بڑی کامیابی حاصل کرلی، ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں قومی ٹیم نے فرانس کو شکست دے دی۔

ملائیشیا کے شہرکوالالمپور میں کھیلے گئے نیشنز ہاکی کپ سیمی فائنل میں مقررہ وقت تک پاکستان اور فرانس کے درمیان مقابلہ 3-3 گول سے برابر تھا، فرانس نے میچ ختم ہونے سے تین منٹ پہلے گول کرکے مقابلہ برابر کیا۔

ابتدائی 2 کوارٹرز میں پاکستان کو 2-0 کے خسارے کا سامنا تھا، جس نے تیسرے کوارٹر میں کم بیک کرتے ہوئے 3 گول اسکورکیے، پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے تاہم کوئی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے گول اسکور کرکے پاکستان پر ایک گول برتری حاصل کی، تیسرے کوارٹر کے 5ویں منٹ میں فرانسیسی پلئیر نے گول داغ کر برتری 0-2 کردی تاہم صرف 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف نے گول کرکے میچ میں پاکستان کیلئے پہلا گول کیا۔

بعدازاں تیسرے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں پینالٹی پرسفیان مقیم اور 13ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ میں اپنا دوسرا گول اسکورکرکے ٹیم کو 2-3 کی برتری دلادی ، تاہم چوتھے کوارٹرکےاختتامی لمحات میں فرانس کی جانب سے شارلٹ وکٹر نے گول داغ کرایک مرتبہ پھر میچ 3-3 سے برابر کردیا۔

جس کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر پاکستان نے 2 کے مقابلے میں 3 گول کر کے فرانس کو شکست دے دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، پاکستان کی جانب سے افراز، شاہد حنان اوررانا وحید نے پینلٹی شوٹ آؤٹس پرگول کر کے پاکستان کو برتری دلائی۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کوریا اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا، ایونٹ کی فاتح ٹیم پروہاکی لیگ میں رسائی کی حقدار ٹھہرے گی۔

واضح رہے کہ 18 جون کو پاکستان نیوزی لینڈ سے شکست کے باوجود بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ملائشیا میں کھیلے جانے والے نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا تھا، نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کا انحصار ملائشیا اور جاپانی کے درمیان میچ پر تھا، جس میں ملائیشیا نے جاپان کو1-2 سے شکست دی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button