
انسٹاگرام کا جلد ری پوسٹ فیچر لانے کا اعلان
انسٹاگرام کا نیا فیچر صارفین کو دوسروں کی پوسٹس فیڈ میں دوبارہ شیئر کرنے کی سہولت دے گا۔
انسٹاگرام نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک نئے ری پوسٹ فیچر کی آزمائش کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین دوسروں کی پوسٹس کو اپنی فیڈ میں دوبارہ شیئر کر سکیں گے۔
فیچر کی مدد سے انسٹاگرام صارفین اب سکرین شاٹس یا تھرڈ پارٹی ایپس کے بجائے براہِ راست کسی پبلک پوسٹ کو شیئر کر سکیں گے۔
انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ ری پوسٹ کیے گئے مواد کو ایک علیحدہ ٹیب میں دکھایا جائے گا تاکہ اصل پوسٹ اور شیئر کی گئی پوسٹ میں فرق برقرار رہے۔ ساتھ ہی یہ آپشن بھی دستیاب ہوگا کہ صارفین اپنی پوسٹس پر پرائیویسی کنٹرول لگا سکیں، جس سے اُن کی پوسٹس کو دوسروں کی جانب سے شیئر کرنا ممکن نہیں رہے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیچر اُن تخلیق کاروں کے لیے فائدہ مند ہوگا جن کے ویڈیوز یا میمز اکثر وائرل ہوتی ہیں، مگر اصل تخلیق کار کا نام نہیں آتا۔ ری پوسٹ فیچر سے نہ صرف اصل کریئیٹرز کو کریڈٹ ملے گا بلکہ اُن کی رسائی اور مواد کی قدر بھی بڑھے گی۔
انسٹاگرام کی جانب سے فیچر کے باقاعدہ اجرا کی تاریخ تو نہیں دی گئی، لیکن کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ یہ مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
ری پوسٹنگ کا تصور سب سے پہلے 2009 میں ٹوئٹر کے ری ٹویٹ فیچر کے ذریعے مقبول ہوا تھا، جس کے بعد دیگر پلیٹ فارمز نے بھی یہی ماڈل اپنایا۔