
اوپن اے آئی اور امریکی محکمہ دفاع کا 200 ملین ڈالر کا معاہدہ
یہ اوپن اے آئی کا کسی بھی امریکی سرکاری ادارے کے ساتھ پہلا باضابطہ دفاعی معاہدہ ہے۔
امریکی محکمہ دفاع نے مصنوعی ذہانت فراہم کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کو 200 ملین ڈالر کا کنٹریکٹ دے دیا ہے، جس کے تحت اوپن اے آئی جدید مصنوعی ذہانت کو امریکی فوجی مقاصد اور سائبر دفاع میں استعمال کرے گی۔
یہ منصوبہ واشنگٹن اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مکمل کیا جائے گا اور جولائی 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ یہ اوپن اے آئی کا کسی بھی امریکی سرکاری ادارے کے ساتھ پہلا باضابطہ دفاعی معاہدہ ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق اس معاہدے کے تحت مصنوعی ذہانت کو فوجی عمل، سائبر سیکیورٹی، ہیلتھ کیئر اور ڈیٹا تجزیے جیسے شعبوں میں استعمال کیا جائے گا۔ تاہم کمپنی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام اطلاق اس کے اصولوں اور استعمال کی پالیسی کے تحت ہوں گے۔
یہ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت نے اپریل میں نئی ہدایات جاری کی تھیں، جن کا مقصد قومی مفادات کے تحت اے آئی مارکیٹ کو فروغ دینا ہے۔
مبصرین کے مطابق، بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں تیزی سے امریکی دفاعی شعبے میں شراکت داری کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ اس رجحان میں اوپن اے آئی، میٹا، اور پیلنٹیر جیسی کمپنیاں نمایاں ہیں۔