
ارشد ندیم فوربز ایشیا کی 30 انڈر 30 فہرست میں شامل
ارشد ندیم نے پیرس 2024 اولمپکس میں ریکارڈ 92.97 میٹر تھرو کر کے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا تھا۔
پاکستان کے مایہ ناز جیولین تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم کو عالمی جریدے فوربز کی 30 انڈر 30 ایشیا 2025 فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ فہرست ایشیا بھر کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت نوجوانوں کو ان کی نمایاں کامیابیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
ارشد ندیم کو کھیل اور تفریح کے زمرے میں اس فہرست کا حصہ بنایا گیا، جو نوجوان قائدین اور بااثر شخصیات پر مشتمل ہوتی ہے۔ 28 سالہ ارشد ندیم پیرس 2024 اولمپکس میں پاکستان کے لیے پہلا انفرادی طلائی تمغہ جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ 92.97 میٹر تھرو قائم کرنے کے بعد دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنے۔ فوربز نے اس کارکردگی کو اسٹننگ شو قرار دیا۔
فوربز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ارشد ندیم کی کامیابیاں صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ ان کا سماجی اور قومی اثر بھی نمایاں ہے، کیونکہ انہوں نے میاں چنوں جیسے چھوٹے شہر سے نکل کر عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ ان کی جدوجہد اور عزم نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ بن چکے ہیں۔
ارشد ندیم نے حال ہی میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی طلائی تمغہ جیت کر اپنی برتری کو برقرار رکھا، اور اب تک مختلف عالمی و علاقائی مقابلوں میں پانچ گولڈ میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔
فوربز کی اس فہرست میں ارشد ندیم واحد پاکستانی نام ہیں، جسے ماہرین کھیل کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔
ان کا شمار اب دنیا کے سرِفہرست جیولین تھرو کھلاڑیوں میں ہو رہا ہے، اور ان کی کہانی اس خطے میں کھیل کی وسیع تر سماجی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔