پاکستانتازہ ترینکھیل
ٹرنڈنگ

سابق کپتان ثنا میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

آئی سی سی کی سات عظیم کرکٹرز کی فہرست میں ثنا میر پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔

سابق کپتان ثنا میر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ ان کا انتخاب لندن میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر سات ممتاز کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا۔

آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے ایبی روڈ سٹوڈیوز میں منعقدہ تقریب میں کہا کہ ہال آف فیم ان کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے کرکٹ کی تاریخ پر گہرے اثرات چھوڑے۔ جے شاہ نے تمام نئے ارکان کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ اعزاز ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ ہے۔

ثنا میر نے اپنے کیریئر میں 226 بین الاقوامی میچز کھیلے، جن میں 120 ون ڈے اور 106 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔ انہوں نے ون ڈے میں 1,630 رنز اور 151 وکٹیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 802 رنز اور 89 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ان چند خواتین کرکٹرز میں سے ہیں جنہوں نے ون ڈے میں 1000 سے زائد رنز اور 100 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں پاکستان کو گولڈ میڈل بھی دلایا، جبکہ 2018 میں وہ آئی سی سی ون ڈے بولرز رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بھی رہیں۔

تقریب میں ثنا میر نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کا تصور بھی نہیں تھا، اور آج میں ان لیجنڈز کے ساتھ کھڑی ہوں جنہیں میں بچپن میں آئیڈیل مانتی تھی۔ یہ لمحہ ناقابلِ یقین ہے۔

ان سے قبل پاکستان کے عمران خان، وسیم اکرم، جاوید میانداد، عبدالقادر، ظہیر عباس، وقار یونس اور حنیف محمد ہال آف فیم کا حصہ بن چکے ہیں۔

ثنا میر کے ساتھ اس فہرست میں ایم ایس دھونی (انڈیا)، میتھیو ہیڈن (آسٹریلیا)، ڈینیئل ویٹوری (نیوزی لینڈ)، سارہ ٹیلر (انگلینڈ)، ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ (جنوبی افریقہ) شامل ہیں.

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button