
انڈین ریاست گجرات میں ایئر انڈیا کا لندن جانے والا مسافر طیارہ ایئرپورٹ سے اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں اب تک 120 سے زیادہ ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ مقامی میڈیا اور پولیس کے مطابق مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
طیارے میں 230 مسافر اور 12 عملے کے ارکان سوار تھے۔ طیارہ ٹیک آف کے فوری بعد بی جے میڈیکل کالج کے انڈرگریجویٹ ہاسٹل کے میس سے ٹکرا گیا، جہاں طلبہ موجود تھے۔ حادثے میں درجنوں زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو اداروں کے مطابق کم از کم 30 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے موجود ہیں۔ ایئر انڈیا کے مطابق طیارے میں 169 انڈین، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری سوار تھا۔ مسافروں میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی شامل تھے۔
پائلٹ سمیت سبھروال اور اے ٹی سی کے درمیان پرواز کے دوران آخری رابطہ مے ڈے کال پر ہوا، جس کے بعد اے ٹی سی کو کوئی جواب نہیں ملا۔
حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں ہیں اور بوئنگ کمپنی کے شیئرز بھی 6.8 فیصد گر گئے ہیں۔
صوبائی و مرکزی حکومتی عہدیداران سمیت دنیا بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔