پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

پاکستان کا سفارتی مشن: پارلیمانی وفد کا اقوامِ متحدہ کا دو روزہ دورہ مکمل

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر، نیویارک کا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وفد نے دورے کے دوران پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔

اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے اقوام متحدہ کے مختلف اداروں سے ملاقاتیں کرکے انڈیا کے حالیہ اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے آگاہ کیا۔

وفد اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سیکریٹری جنرل، جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور، او آئی سی گروپ، تھنک ٹینکس، میڈیا، سول سوسائٹی اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنا تھا۔

پاکستانی وفد نے انڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویے، اشتعال انگیز بیانات، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پاکستان کے خلاف بلااشتعال کارروائیوں کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ وفد نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، عام شہریوں کو نشانہ بنانے، اور خواتین و بچوں کی جانوں کے ضیاع کی بھی نشاندہی کی۔

22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے حملے پر انڈیا کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وفد نے اسے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیا۔

پاکستانی وفد نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کا احترام بحال کروائے، اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کے حل کے لیے انڈیا کو مذاکرات پر آمادہ کرے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری کے تحفظ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ وفد نے متنبہ کیا کہ انڈیا کی جانب سے یکطرفہ جارحیت کو معمول بنانا جنوبی ایشیا میں جوہری خطرات کو بڑھا سکتا ہے، جسے روکنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
وفد میں وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر، سید فیصل سبزواری، سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ شامل تھیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button