
اسلام آباد میں 17 سالہ خاتون ٹک ٹاکر قتل، ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، جو خود کو مقتولہ کا دوست ظاہر کر رہا ہے۔
اسلام آباد کے علاقے سنبل میں پیر کی شام 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا تھا، تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، پولیس نے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اپنے آپ کو مقتولہ کا دوست ظاہر کر رہا ہے، تاہم اس کی شناخت اور دیگر تفصیلات اب تک ظاہر نہیں کی گئیں۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات آئی جی اسلام آباد پریس کانفرنس میں بتائیں گے۔
اس واقعے کی ایف آئی آر مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں درج کی گئی تھی، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 شامل کی گئی۔ ایف آئی آر کے مطابق، شام تقریباً پانچ بجے ایک مسلح شخص گھر میں داخل ہوا اور سیدھا ثنا یوسف پر فائرنگ کردی۔ دو گولیاں ان کے سینے میں لگیں، انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ثنا یوسف سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں، ان کے ٹک ٹاک پر تقریباً 8 لاکھ اور انسٹاگرام پر 5 لاکھ کے قریب فالوورز تھے۔ ان کی والدہ کے مطابق حملے کے وقت وہ اور ان کی بھابی موقع پر موجود تھیں اور ملزم کو پہچان سکتی ہیں۔
پولیس نے ابتدا میں واضح کیا تھا کہ یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل نہیں بلکہ کسی ذاتی تعلق کے باعث پیش آیا۔ ملزم اور مقتولہ کے درمیان کچھ بات چیت بھی ہوئی جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔
پاکستان میں ٹک ٹاک کے تقریباً 5 کروڑ 40 لاکھ صارفین موجود ہیں، اور اس پلیٹ فارم کو ماضی میں کئی بار مواد کے باعث عارضی طور پر بند کیا جا چکا ہے۔