
انڈیا کے چیف آف ڈیفینس سٹاف جنرل انیل چوہان نے بلومبرگ کو اٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران، پاکستان نے انڈیا کی فضائیہ کے طیارے مار گرائے تھے۔
انڈیا کے کسی اعلیٰ سطحی سیاسی یا عسکری عہدیدار کی جانب سے اپنی نوعیت کا یہ پہلا اعتراف ہے۔ اس سے قبل پاکستان ہی کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا رہا ہے چھ اور سات مئی کی انڈین مداخلت کے دوران، پاکستانی فضائیہ نے انڈیا کے رافیل طیاروں سے چھ طیارے مار گرائے تھے البتہ انڈین حکام اس دعوے کی تردید کرتے رہے ہیں۔
بلومبرگ سے انٹرویو کے دوران جنرل انیل چوہان نے گرنے والے طیاروں کی تعداد کو ’غلط‘ قرار دیا البتہ انہوں نے انڈین فضائیہ کے نقصان کی تردید نہیں کی اور اپنی بات کو، نقصان کے بعد حکمت عملی کی فوری تبدیلی کی طرف موڑنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اہم یہ نہیں کہ طیارے نہیں گرے، اہم یہ ہے کہ طیارے کیوں گرے۔ تعداد اہم نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اچھی چیز یہ ہے کہ ہم حکمتِ عملی میں غلطیاں جاننے کے قابل ہوئے، انہیں ٹھیک کیا اور عمل درآمد کیا۔‘