
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے جنوبی کوریا کے شہر گومی میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2025 میں جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ اے میں اپنی پہلی ہی کوشش میں 86.34 میٹر کی شاندار تھرو کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔ یہ اولمپکس کے بعد ان کا پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہے۔
پاکستان کے ایک اور ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی گروپ بی سے 76.07 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ارشد ندیم، جو گزشتہ سال پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیت چکے ہیں، ایشیائی سطح پر اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ فائنل 31 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 10 منٹ پر ہوگا۔
ارشد ندیم نے ایونٹ سے قبل قوم سے دعا کی اپیل کی تھی کہ وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کریں اور پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کریں۔
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے بھی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی صرف شرکت ہی نہیں بلکہ کامیابی بھی حاصل کریں گے۔