
ذوالحج 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے شہروں میں بیک وقت منعقد ہوں گے۔
پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی جانب سے جاری کردہ فلکیاتی تجزیے کے مطابق 27 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہوگی، اس لیے آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ یکم ذوالحج 29 مئی کو ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ منائی جائے گی۔
سعودی عرب میں بھی آج ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوگا۔
سعودی ماہرین فلکیات اور متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز کے مطابق آج چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، جس کی بنیاد پر یو اے ای اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو منائی جا سکتی ہے۔