پاکستانتازہ ترین
ٹرنڈنگ

وزیراعظم کا ترکیہ کا دورہ، دوطرفہ شراکت داری کو تقویت دینے کا عزم

وزیرِاعظم شہباز شریف دوست ممالک کے اس اہم دورے کے دوران ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف اپنے چار ملکی سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ کے دو روزہ دورے پر استنبول پہنچے، جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔

وزیرِاعظم کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، اور معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی تھے۔ ترک صدر نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا۔

ملاقات استنبول کے تاریخی دولما بہچے پیلس میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کیے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور ترک عوام کی محبت اور برادرانہ جذبے کو پاکستان کے لیے باعثِ تقویت قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی عسکری قیادت کی قربانیوں اور قوم کی غیر معمولی حب الوطنی کو معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا بنیادی سبب قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، بنیادی ڈھانچے اور زراعت کو باہمی دلچسپی کے شعبے قرار دیا۔ انہوں نے 13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ساتویں ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔

فریقین نے باہمی تجارت کے لیے سالانہ 5 ارب ٓامریکی ڈالر کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کے اصولی مؤقف اور پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

علاقائی و عالمی امور پر بات کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کے ساتھ فلسطینی عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف ترکیہ کے بعد ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات پر وسیع تبادلہ خیال کریں گے۔ تاجکستان میں وہ 29 اور 30 مئی کو ہونے والی عالمی گلیشیئر کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button